لاہور(پنجاب پوسٹ)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا اور ہسپتال کے انتظامی و طبی امور کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے اہم اجلاس کی صدارت کی۔ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود بھی ان کے ہمراہ تھے۔
صوبائی وزیر نے ہسپتال کے ایمرجنسی، او پی ڈی اور دیگر شعبہ جات کا دورہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین وزیراعلیٰ ایڈوائزری کمیٹی برائے امراض قلب ڈاکٹر فرقد عالمگیر سمیت سی ای او آئی ڈیپ کیپٹن ریٹائرڈ شاہ میر اقبال، سی او او مائرہ علی، ڈین پروفیسر ڈاکٹر حسنات خان، ایم ایس جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کرنل ریٹائرڈ ڈاکٹر سبرینا جمیل اور دیگر افسران موجود تھے۔
اجلاس میں ہسپتال کے انتظامی امور، مختلف شعبہ جات کی کارکردگی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔ خواجہ سلمان رفیق نے انتظامی امور میں مزید بہتری لانے کے لیے ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں مریضوں کو بہترین علاج معالجہ فراہم ہوتے دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق ہسپتال آنے والے مریضوں کو ان شاء اللہ بین الاقوامی معیار کی طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی 16 ارب روپے کی لاگت سے 250 بستروں پر مشتمل بین الاقوامی طرز کا ہسپتال ہے۔ ہسپتال میں کیتھ لیب، ایم آر آئی، ماڈیولر آپریشن تھیٹرز، کارڈیک وارڈز، پیتھالوجی لیب، ریڈیالوجی، آئی سی یو اور ایمرجنسی وارڈ فعال ہیں۔
صوبائی وزیر نے ہارٹ ٹرانسپلانٹ سنٹر، انجیو سوئٹ، ڈائیگناسٹک روم، او پی ڈی اور دیگر شعبوں کا بھی دورہ کیا۔ ماڈیولر آپریشن تھیٹر میں جدید ہارٹ لنگز مشین، ٹیسلا ایم آر آئی اور دیگر جدید طبی آلات کا جائزہ لیا۔
خواجہ سلمان رفیق نے ڈاکٹرز اور نرسز پر زور دیا کہ وہ محب وطن پاکستانی بن کر مریضوں کی خدمت کریں اور ہسپتال میں اپنی ہر ڈیوٹی کو اللہ تعالیٰ کی امانت سمجھ کر پوری ذمہ داری سے سرانجام دیں۔










