سیالکوٹ (پنجاب پوسٹ)انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ انہی کارروائیوں کے تحت سیالکوٹ میں الگ الگ چھاپوں کے دوران 3 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے مجموعی طور پر 3.6 کلو گرام چرس برآمد کر لی گئی۔
اے این ایف ذرائع کے مطابق پہلی کارروائی فتح گڑھ روڈ سیالکوٹ کے قریب کی گئی، جہاں موٹر سائیکل سوار ایک ملزم کو روک کر تلاشی لی گئی۔ تلاشی کے دوران ملزم سے 2.4 کلو گرام چرس برآمد ہوئی۔دوسری کارروائی جی پی او سیالکوٹ کے قریب عمل میں لائی گئی، جہاں موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ ان کے قبضے سے 1.2 کلو گرام چرس برآمد ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان سے مختلف ممالک میں منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام، مجرم کیسے پکڑے گئے؟
اے این ایف حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ تفتیش کے دوران یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جائے گی کہ منشیات کہاں سے لائی گئی اور کسے سپلائی کی جانی تھی، نیز اس نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کی نشاندہی بھی کی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ نوجوان نسل کو منشیات کے مضر اثرات سے بچانے کے لیے تعلیمی اداروں کے اطراف نگرانی سخت کر دی گئی ہے اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں5-24 منشیات کی ترسیل کیسے ناکام بنائی گئی؟









