لاہور(پنجاب پوسٹ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ای بائیکس سکیم کیلئے درخواستیں جمع کرانے کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔ سکیم کے تحت نوجوانوں اور طالبات کو سستی اور ماحول دوست سواری فراہم کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق سکیم کے تحت 6 لاکھ 7 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جو اس منصوبے میں نوجوانوں کی بھرپور دلچسپی کا مظہر ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ سکیم کا پراسیس جلد از جلد مکمل کیا جائے۔
حکومت پنجاب اس سکیم کے تحت ایک لاکھ نوجوانوں کو ای بائیکس فراہم کرے گی۔ اس کے علاوہ بائیکس پر عائد سود کی ادائیگی بھی حکومت خود کرے گی، جس سے مستفید ہونے والوں پر مالی بوجھ نہیں پڑے گا۔
سکیم میں کامیاب ہونے والی طالبات کو مفت ڈرائیونگ بھی سکھائی جائے گی، تاکہ وہ آسانی سے آمدورفت کرسکیں اور سفری اخراجات میں بھی بچت ہو۔
وزیراعلیٰ کا مؤقف
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ طالبات کو آگے بڑھنے کیلئے تمام تر وسائل فراہم کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق پنجاب کا ہر بیٹا اور بیٹی ان کیلئے بہت خاص ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای بائیکس کی فراہمی سے طالبات کو تعلیمی اداروں تک پہنچنے میں آسانی ہوگی اور ان کے اخراجات بھی کم ہوں گے۔









