لاہور(پنجاب پوسٹ)وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے طلبہ و طالبات کو ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس فراہم کرنے کے منصوبے کے تحت ٹریفک پولیس پنجاب نے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کو آسان بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کرلیے ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر نے تمام لائسنسنگ سینٹرز پر ای بائیک اسکیم کے خواہشمند طلبہ و طالبات کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ تمام سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز طلبہ و طالبات کو ڈرائیونگ لائسنس کے حصول میں آسانی فراہم کریں گے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ای بائیک اسکیم میں شامل ہونے کے خواہشمند طلبہ و طالبات ایک ہی دن میں موٹر سائیکل کا لرننگ اور ریگولر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرسکیں گے۔ انہیں لرننگ لائسنس جاری ہونے کے بعد معمول کے مطابق 42 دن انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔
ترجمان کے مطابق ای بائیک اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے امیدوار کے پاس ڈرائیونگ لائسنس ہونا ضروری ہے۔ ٹریفک پولیس نے لائسنسنگ سینٹرز پر آنے والے طلبہ و طالبات کو بہترین سہولیات اور رہنمائی فراہم کرنے کی ہدایات بھی جاری کردی ہیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ 8 روز کے دوران 2 لاکھ 22 ہزار سے زائد موٹر سائیکلوں کے ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے، جبکہ رواں ماہ 6 ہزار 500 سے زائد جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ بھی جاری ہوچکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب پاکستان کا پہلا آرٹیفیشل انٹیلی جنس ہب قائم کرنے والا صوبہ بن گیا
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر نے کہا ہے کہ طلبہ و طالبات محفوظ ڈرائیونگ کی تربیت حاصل کریں اور ذمہ دار و بااعتماد ڈرائیور بن کر سڑکوں پر سفر کریں۔










