پبلک ٹرانسپورٹ،رکشوں اور آن لائن کیبز میں 82 ہزار QR پینک بٹن چسپاں

لاہور (پنجاب پوسٹ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر لاہور ٹریفک پولیس نے پبلک ٹرانسپورٹ، رکشوں اور رائیڈ ہیلنگ کیبز میں کیو آر پینک بٹن لگانے کی مہم تیز کر دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد مسافروں، بالخصوص خواتین کو سفر کے دوران تحفظ اور ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کرنا ہے۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق اب تک 82 ہزار رکشوں، آن لائن کیب سروسز کی گاڑیوں اور پبلک ٹرانسپورٹ پر کیو آر پینک بٹن چسپاں کیے جا چکے ہیں۔ 22 ہزار سے زائد خواتین و مرد حضرات رکشوں اور آن لائن کیب سروسز میں لگے ان کیو آر کوڈز کو سکین کر چکے ہیں، جو اس سہولت پر شہریوں کے اعتماد کا مظہر ہے۔

سی ٹی او لاہور نے بتایا کہ شہر میں 45 مختلف مقامات پر ٹریفک ٹیمیں کیو آر پینک بٹن چسپاں کر رہی ہیں۔ تنصیب کے عمل کو تیز اور آسان بنانے کے لیے ہر ٹریفک سیکٹر میں ایک ٹیم موجود ہے، جبکہ رکشوں کے لیے 12 علیحدہ ٹیمیں بھی مختص کی گئی ہیں۔ رکشہ یونینز کے اصرار پر 4 نئے لائسنس سینٹرز بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کو قانونی دھارے میں لانے اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیو آر پینک بٹن کی تنصیب لازمی قرار دی گئی ہے۔ خواتین ہراسانی کی صورت میں کیو آر پینک کوڈ کی مدد سے فوری مدد کے لیے رابطہ کر سکتی ہیں۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق آن لائن کیبز میں جدید ٹریکنگ سسٹم کی تنصیب سے مسافروں اور ڈرائیورز کی نگرانی مزید مؤثر ہوئی ہے۔ جو آن لائن کیب سروسز سیفٹی اور سیکیورٹی فیچرز نہیں اپنائیں گی، ان کے خلاف کارروائی کا حتمی فیصلہ کیا جا چکا ہے۔

سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ سمارٹ ٹریفک مینجمنٹ اور جدید سیکیورٹی فیچرز کے فروغ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے شہریوں کو محفوظ، قابلِ اعتماد اور معیاری سفری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ ٹیکنالوجی پر مبنی اقدامات سے ٹریفک نظم و ضبط اور شہری تحفظ میں نمایاں بہتری آ رہی ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے