سرگودھا(پنجاب پوسٹ)امریکن شہری کی درخواست کا معاملہ حل کروانے کے نام پر شہری سے رقم وصول کرنا اسسٹنٹ سب انسپکٹر کو مہنگا پڑ گیا۔ رشوت ستانی کے الزام میں اے ایس پی سٹی سرکل وقار احمد نے سخت ایکشن لیتے ہوئے اہلکار کے خلاف مقدمہ درج کروا کر اسے حوالات میں بند کروا دیا۔
تفصیلات کے مطابق سیٹلائٹ ٹاؤن کے رہائشی حیدر بشیر نے الزام عائد کیا کہ پولیس اہلکار احسان اللہ قاسم نے درخواست کا معاملہ حل کروانے کے عوض ان سے دو لاکھ 70 ہزار روپے رشوت وصول کی۔ شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے تھانہ اربن ایریا میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا اور اسے گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا گیا۔
مدعی مقدمہ کا کہنا ہے کہ اہلکار نے درخواست کا معاملہ نمٹانے کے بدلے مذکورہ رقم لی، جو رشوت کے زمرے میں آتی ہے۔اے ایس پی سٹی سرکل وقار احمد نے اس موقع پر کہا کہ وردی کے تقدس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور رشوت ستانی میں ملوث اہلکاروں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور شفاف پولیسنگ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن فری پنجاب پولیس کے وژن پر عملدرآمد کے ساتھ احتساب کا عمل بلاامتیاز جاری رہے گا اور کسی بھی اہلکار کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔













