لاہور(پنجاب پوسٹ) چوہنگ کے علاقے میں شادی کا جھانسہ دے کر ڈاکٹر کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ سامنے آ گیا۔ تھانہ چوہنگ پولیس نے ڈاکٹر (ث) کی مدعیت میں ملزم بلال اکرم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دیں۔
ایف آئی آر کے مطابق ڈاکٹر (ث) قائداعظم میڈیکل کالج بہاولپور میں ایم بی بی ایس کی طالبہ ہے، جس کی ملاقات اپنی بہن کی دوست کے ذریعے بلال اکرم سے ہوئی۔ ملزم نے شادی کی خواہش ظاہر کی اور اپنی سالگرہ کا کیک کاٹنے کے بہانے خاتون کو ایک خالی گھر لے جا کر مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا۔
مقدمے کے متن کے مطابق ملزم نے بعد ازاں خاتون کا نمبر بلاک کر دیا اور چند روز بعد نئے نمبر سے رابطہ کرکے معافی مانگی، تاہم دوبارہ مبینہ زیادتی کی۔ ملزم 2023 تک شادی کا جھانسہ دیتا رہا، جبکہ 2024 میں خاتون کو معلوم ہوا کہ ملزم پہلے سے شادی شدہ ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق خاتون نے عزت بچانے کی خاطر شادی کر لی، تاہم ملزم کے موبائل پیغامات دیکھنے پر اس کے شوہر نے اسے طلاق دے دی۔ مزید بتایا گیا کہ 7 نومبر کو ملزم نے دوبارہ شادی کا جھانسہ دے کر خاتون کو ایک فارم ہاؤس بلایا اور مبینہ زیادتی کے بعد فرار ہو گیا۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔










