لاہور(پنجاب پوسٹ)ڈی جی ایف آئی اے عثمان انور نے لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف آئی اے میں درخواستوں کی تعداد بہت زیادہ ہونے کی وجہ سے ادارے پر دباؤ ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ایف آئی اے کو وسائل اور افرادی قوت کی کمی کا سامنا ہے، تاہم نئی بھرتیوں کا عمل مکمل ہونے پر بہت سے مسائل حل ہو جائیں گے۔
انسانی سمگلنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈی جی ایف آئی اے نے بتایا کہ ڈنکی لگانے والوں نے غیر قانونی سفر کے راستے تبدیل کر لیے ہیں۔ ان کے مطابق اب ایسے افراد زمینی بارڈر کے بجائے فضائی راستوں کے ذریعے یورپ جانے کی کوشش کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پولیس کی موبائل ایپ نے تین سال سے لاہور میں چھپے انسانی اسمگلرز کیسے گرفتار کروائے؟
عثمان انور نے کہا کہ نوجوان بہتر مستقبل کی تلاش میں بیرون ملک کا رخ کرتے ہیں، لیکن پاکستان میں مستقبل بہتر بنانے کے امکانات اب پہلے سے زیادہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یورپ میں بھی اب حالات پہلے جیسے بہتر نہیں رہے۔غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ ان کی واپسی کا تیسرا مرحلہ جاری ہے۔














