لاہور(پنجاب پوسٹ) الایمان ایجوکیشنل سسٹم لاہور کے زیرِ اہتمام تقریبِ تقسیمِ انعامات 2026ء کا انعقاد کیا گیا، جس میں تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی گئی اور انہیں اعزازات سے نوازا گیا۔
تقریب میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدر حافظ طلحہ سعید، مدیر شعبہ دعوت و اصلاح حافظ عبدالرؤف، چیئرمین رابطہ علماء و مشائخ پاکستان قاری محمد یعقوب شیخ، صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ پنجاب چوہدری محمد سرور، مدیر جامعہ الدعوۃ الاسلامیہ احسان الحق شہباز، ڈائریکٹر الایمان ایجوکیشن سسٹم ڈاکٹر یوسف طیبی، سرپرست ادارہ و جنرل سیکرٹری مرکزی مسلم لیگ لاہور چوہدری حمید الحسن گجر، صدر وسطی پنجاب انجینئر حارث ڈار اور ڈائریکٹر ایجوکیشن لاہور سمیت ماہرینِ تعلیم اور سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: پولیس تحویل میں شہری کی ہلاکت، پانچ ملزمان کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
اس موقع پر مہمانِ خصوصی کو ادارے کی جانب سے اعزازی شیلڈ پیش کی گئی، جبکہ نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ طلبہ نے اپنی کامیابیوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مستقبل میں بھی محنت، نظم و ضبط اور تعلیمی لگن کو اپنا شعار بنائیں گے۔
مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں۔ ان کی علمی، اخلاقی اور فکری تربیت کے ذریعے ہی ایک مضبوط، باکردار اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی ذمہ داری صرف نصابی تعلیم تک محدود نہیں بلکہ طلبہ میں دیانت داری، خدمتِ خلق، برداشت، نظم و ضبط اور قومی ذمہ داری کا شعور پیدا کرنا بھی ضروری ہے۔
تقریب میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تعلیم محض ڈگری کے حصول کا ذریعہ نہیں بلکہ کردار سازی، فکری تربیت اور ایک ذمہ دار معاشرے کی تشکیل کی بنیاد ہے۔ مقررین نے والدین اور اساتذہ کی کاوشوں کو بھی سراہا اور کہا کہ طلبہ کی کامیابی میں گھر اور تعلیمی ادارے دونوں کا اہم کردار ہوتا ہے۔
تقریب کا مقصد طلبہ کی صلاحیتوں کو سراہنے کے ساتھ تعلیمی میدان میں مزید محنت، لگن اور کامیابی کے جذبے کو فروغ دینا تھا۔ اختتام پر ادارے کی انتظامیہ نے مہمانوں، اساتذہ، والدین اور طلبہ کا شکریہ ادا کیا، جبکہ شرکاء نے الایمان ایجوکیشنل سسٹم کی تعلیمی و تربیتی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔











