لاہور ٹریفک پولیس کا ڈرائیورز کے لیے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دینے کا فیصلہ، فری میڈیکل اور آئی ٹیسٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی

لاہور (پنجاب پوسٹ) ٹریفک پولیس نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن ’’محفوظ پنجاب، محفوظ سڑکیں‘‘ کے تحت ٹریفک حادثات کی روک تھام اور اسموگ پر قابو پانے کے لیے اقدامات تیز کر دیے۔ چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ روڈ سیفٹی اور اسموگ کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا، جس میں تنویر احمد جٹ کی قیادت میں بس اونرز، مزدا، منی گڈز، ٹرک ٹرانسپورٹ اور ٹریکٹر ٹرالی ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔

سیمینار کے دوران سی ٹی او لاہور نے ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیورز سے بات چیت کی، ان کے مسائل دریافت کیے اور روڈ سیفٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر ڈرائیورز کے لیے میڈیکل کیمپس بھی قائم کیے گئے، جہاں ان کے مختلف طبی ٹیسٹ کیے گئے۔

سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ شہریوں، ڈرائیورز اور دیگر افراد کے جان و مال کا تحفظ ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ حادثات کی روک تھام کے لیے اب گاڑیوں کی فٹنس کے ساتھ ڈرائیورز کا فٹنس سرٹیفکیٹ بھی لازمی ہوگا۔ ڈرائیورز کے طبی اور نفسیاتی معائنے کے لیے موبائل میڈیکل کیمپس لگائے جائیں گے، جہاں ان کی نظر، کلر بلائنڈنس، طبی فٹنس اور نفسیاتی صحت کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے گی۔

WhatsApp Image 2026 10 28 at 2.17.11 PM 1

انہوں نے بتایا کہ سروسز ہسپتال اور میاں منشی ہسپتال میں ڈرائیورز کے میڈیکل معائنے کے لیے خصوصی کاؤنٹرز قائم کیے جا رہے ہیں، جہاں انہیں مفت میڈیکل، آنکھوں کے ٹیسٹ اور سائیکالوجیکل پروفائلنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق لاہور آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست ہے اور 83 فیصد اسموگ کا باعث گاڑیوں سے نکلنے والا دھواں ہے۔ اسموگ پر قابو پانے کے لیے ٹرانسپورٹرز کو گاڑیوں کی دیکھ بھال اور دھویں کے اخراج پر قابو پانے کے اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی۔

سیمینار میں اوور اسپیڈنگ کی روک تھام کے لیے ٹرانسپورٹرز کو اپنی گاڑیوں میں کیمرے نصب کروانے کی ہدایت کی گئی۔ رات کے وقت حادثات سے بچاؤ کے لیے گاڑیوں کی بیک لائٹس اور ریفلیکٹرز فعال رکھنے پر زور دیا گیا، جبکہ ریت اور مٹی لے جانے والی ٹرالیوں کو ترپال سے ڈھانپے بغیر سڑکوں پر چلانے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

WhatsApp Image 2026 10 28 at 2.17.11 PM 2

سی ٹی او لاہور نے ہدایت کی کہ تمام ٹرانسپورٹرز اپنے ڈرائیورز کا مکمل ریکارڈ فراہم کریں اور صرف لائسنس یافتہ ڈرائیورز سے گاڑیاں چلوانے کو یقینی بنائیں۔ ٹرانسپورٹرز اوور اسپیڈنگ اور لین کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کے بھی پابند ہوں گے۔

مزید برآں، لاہور میں مال بردار گاڑیوں کے داخلے کے مقررہ اوقات اور پابندیوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ سیمینار کے اختتام پر ٹرانسپورٹرز نے روڈ سیفٹی، ٹریفک حادثات کی روک تھام اور اسموگ کنٹرول کے لیے کیے جانے والے اقدامات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے