والدین ہوجائیں خبردار! سوشل میڈیا چیلنجز کی آڑ میں بچوں کو غیر اخلاقی سرگرمیوں میں دھکیلنے کا انکشاف

لاہور (پنجاب پوسٹ) سوشل میڈیا پر چیلنجز کی آڑ میں کم عمر بچوں کو غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث کرنے اور ان سے جرائم کے ٹاسک کروانے کا تشویشناک معاملہ سامنے آگیا۔ لاہور کے علاقے گڑھی شاہو میں کم عمر بچوں کی نازیبا ویڈیوز بنانے اور انٹرنیٹ پر وائرل کرنے کے مقدمے میں پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا، جبکہ ویڈیوز وائرل کرنے کے پیچھے دیگر عناصر کے ملوث ہونے کے شبہے پر تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس کے مطابق ڈیجیٹل شواہد کا تجزیہ کرنے اور دیگر ملزمان کی نشاندہی کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کو مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے۔ پولیس اس معاملے میں ملوث دیگر افراد کا سراغ لگانے کے لیے بھی تحقیقات کر رہی ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ سوشل میڈیا چیلنجز کی آڑ میں بچوں کو جرائم کے ٹاسک دینا انتہائی تشویشناک رجحان ہے۔ بچوں سے جرائم کروانے یا انہیں اس راستے پر دھکیلنے والے اصل کرداروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

فیصل کامران کا کہنا تھا کہ بچوں کے ہاتھوں میں سوشل میڈیا کی رسائی کو جرائم کا ذریعہ نہیں بننے دیا جائے گا۔ بچوں کو آن لائن جرائم اور منفی چیلنجز سے محفوظ رکھنا پولیس، والدین اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے والدین کو ہدایت کی کہ وہ بچوں کی آن لائن سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں ان کی فوری رہنمائی کریں۔ لاہور پولیس کے مطابق بچوں کو غیر اخلاقی سرگرمیوں پر اکسانے اور جرائم میں ملوث کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے