لاہور(پنجاب پوسٹ)اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ اچھی طرز حکمرانی کا اصل پیمانہ عوام کو ملنے والی سہولیات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی نظام کی کامیابی یا ناکامی کا اندازہ اسی بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ عوام کو کس حد تک سہولیات میسر آ رہی ہیں۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ عوام کے نام پر قائم جمہوری نظام کا حقیقی مقصد تبھی پورا ہوگا جب اس کے ثمرات عوام تک پہنچیں۔ ان کے مطابق یہ دیکھنا ہوگا کہ جمہوریت کے فوائد عام آدمی تک پہنچ رہے ہیں یا نہیں، اور اس کا باقاعدہ جائزہ لینا ناگزیر ہے۔
ملک محمد احمد خان نے زور دیا کہ منتخب نمائندوں کے پاس فیصلے کرنے کا اختیار ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی نمائندوں کو بااختیار بنائے بغیر گڈ گورننس کا مقصد حاصل نہیں کیا جاسکتا، کیونکہ عوام کے مسائل کا بہتر ادراک انہی نمائندوں کو ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے ثمرات نچلی سطح تک پہنچانا ضروری ہے، اور اس کے لیے مقامی حکومتوں کو بااختیار بنانا اچھی طرز حکمرانی کا لازمی تقاضا ہے۔ ان کے مطابق مقامی سطح پر اختیارات کی منتقلی سے عوامی مسائل کے حل میں تیزی آتی ہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل اور سہولیات کی فراہمی حکومت کی کارکردگی کا پیمانہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئین میں اختیارات کی تقسیم واضح طور پر درج ہے، تاہم اس پر مؤثر عملدرآمد ضروری ہے تاکہ نظام حکومت بہتر انداز میں چل سکے۔









