لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور میں کم درجہ حرارت اور جنوب مشرقی و جنوبی سمت سے 3 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے کمزور ہوائیں چل رہی ہیں۔ محکمہ ماحولیات کے مطابق دن 11 بجے ہوا کی رفتار 8 سے 10 کلومیٹر فی گھنٹہ ہونے سے لاہور کے ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) میں بہتری متوقع ہے۔ اس وقت لاہور کا اے کیو آئی 214 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ ماحولیات کے مطابق دن کے اوقات میں جنوب مغربی، مغربی اور شمال مغربی سمتوں سے جبکہ شام کے وقت شمالی، شمال مشرقی اور مشرقی سمتوں سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں سموگ کنٹرول آپریشن مسلسل جاری ہے۔ لاہور میں سموگ گنز کے ذریعے پانی کا چھڑکاؤ اور سڑکوں کی صفائی کا عمل جاری ہے، جبکہ ڈرون اسکواڈ، نائٹ اسکواڈ اور ہاک آئی فیلڈ اسکواڈ 24 گھنٹے آلودگی پھیلانے والے ذرائع کی نگرانی اور نشاندہی کے بعد فوری کارروائی کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: چیچہ وطنی شہر اور گردونواح میں موسم سرما کا آغاز
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 241 صنعتی یونٹس اور 335 اینٹوں کے بھٹوں کی انسپیکشن کی گئی۔ کارروائی کے دوران 5 صنعتی یونٹس اور 5 بھٹے سیل، ایک بھٹہ مسمار اور ایک ایف آئی آر درج کی گئی، جبکہ مجموعی طور پر 12 لاکھ 10 ہزار روپے جرمانے عائد کیے گئے۔
پلاسٹک کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 290 مقامات کی انسپیکشن کی گئی، 52 کو نوٹس جاری، ایک مقام سیل جبکہ 661 کلوگرام غیر معیاری پلاسٹک ضبط کیا گیا۔ کمرشل ککنگ پوائنٹس کی 157 چیکنگز کے دوران 53 سکشن ہڈز نصب اور 15 مقامات سیل کیے گئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کسانوں کو فصلوں کی باقیات جلانے سے گریز اور سموگ سے بچاؤ کے لیے آگاہی مہم بھی جاری ہے۔ ایک روز کے دوران 2,923 کسانوں سے رابطہ کیا گیا جبکہ 68 تربیتی پروگرامز میں 1,435 کسانوں نے شرکت کی۔
پنجاب میں 63 لاکھ 32 ہزار ایکڑ رائس ایریا میں سے 7 لاکھ 69 ہزار ایکڑ پر کاشت مکمل ہو چکی ہے۔ فصلوں کی باقیات جلانے کے بجائے مشینی کاشت کے فروغ کے لیے 1,259 کبوٹا مشینیں 3 لاکھ 19 ہزار ایکڑ جبکہ 187 بیلرز 96 ہزار ایکڑ رقبے پر فعال ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: چیچہ وطنی، جنگلات کی حدود میں غیر قانونی آرا مشینوں کے خلاف کارروائی، 8 مشینیں ضبط
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کے مطابق پنجاب میں مجموعی طور پر 10 ہزار سے زائد سپر سیڈرز استعمال کیے جا رہے ہیں۔ رواں مالی سال مزید 3 ہزار سپر سیڈرز فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جن میں سے 1,980 فراہم جبکہ 921 زیرِ تیاری ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ انسداد سموگ کے لیے مانیٹرنگ، روک تھام اور فیلڈ انفورسمنٹ بیک وقت جاری ہے۔ کسان فصلوں کو آگ نہ لگائیں، شہری اپنی گاڑیوں کو فٹ کر کے سڑکوں پر لائیں جبکہ صنعت اور بھٹہ مالکان سموگ کنٹرول ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں، بصورت دیگر قانونی کارروائی کی جائے گی۔













