رحیم یار خان (پنجاب پوسٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن پر شہری خوبصورتی اور شجرکاری کے فروغ میں طلباء بھی متحرک ہیں۔چوک رحمت اللعالمین کی دیواریں نجی تعلیمی ادارے کے طلباء نے خوبصورت پینٹنگز سے مزین کر دیں۔طلباء نے ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کے ہمراہ شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے طلباء کے ہمراہ چوک رحمت اللعالمین پر پودے لگائے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز ملک فاروق احمد اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی رانا محمود علی بھی موقع پر موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کے مطابق نوجوان نسل کو مثبت اور تعمیری سرگرمیوں میں شامل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔طلباء کی صلاحیتوں سے شہر کی خوبصورتی اور ماحول کی بہتری میں مدد لی جا سکتی ہے۔
شجرکاری کے ساتھ پودوں کی دیکھ بھال اور حفاظت بھی یقینی بنائی جائے۔شہر کے مختلف مقامات پر گرین بیلٹس کی بہتری، شجرکاری اور شہری خوبصورتی کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔تعلیمی اداروں، طلباء، کاروباری برادری اور سول سوسائٹی کی شرکت سے مہم کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔













