تحصیل ڈسکہ میں شہریوں کو بہتر تفریحی، کاروباری اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے اہم اقدامات کا فیصلہ

سیالکوٹ (پنجاب پوسٹ) تحصیل ڈسکہ میں شہریوں کو بہتر تفریحی، کاروباری اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے اہم اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں ذیشان رفیق نے میونسپل کمیٹی ڈسکہ میں ڈسکہ ڈویلپمنٹ ریویو اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شہر میں فوڈ اسٹریٹ کے قیام کا اعلان کیا، جبکہ خواتین کے لیے الگ فوڈ اسٹریٹ بنانے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس میں جاری سیوریج، سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر، شجرکاری، شہر کی خوبصورتی اور صفائی کے نظام کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں ذیشان رفیق کا کہنا تھا کہ ڈسکہ میں شہریوں کے لیے فوڈ اسٹریٹ قائم کی جائے گی جبکہ خواتین کے لیے الگ فوڈ اسٹریٹ بھی بنائی جائے گی۔

میاں ذیشان رفیق نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری سیوریج منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مفاد کے منصوبے بروقت مکمل کیے جائیں۔ سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر میں معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، ناقص کام پر ذمہ داروں کا محاسبہ ہوگا۔

صوبائی وزیر نے ڈسکہ مین روڈ سمیت اہم شاہراہوں پر بھرپور شجرکاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی خوبصورتی اور ماحول کی بہتری کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں۔انہوں نے ستھرا پنجاب کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مانیٹرز صرف پینلٹیز عائد کرنے تک محدود نہ رہیں بلکہ صفائی سے متعلق مسائل کا موقع پر حل بھی یقینی بنائیں۔

میاں ذیشان رفیق نے ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی، معیار اور رفتار کی باقاعدہ مانیٹرنگ جبکہ سرکاری وسائل کے مؤثر استعمال اور شہریوں کو بروقت ریلیف کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے