لاہور (پنجاب پوسٹ) سپیشل ایجوکیشن کے طلبہ کو ہمت کارڈ کی فراہمی اور متعلقہ امور کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا، اجلاس کی صدارت ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب و سیکرٹری CRPD ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم نے کی۔
اجلاس میں ڈائریکٹر CRPD مزمل یار، سپیشل ایجوکیشن کے افسران، PITB اور بینک آف پنجاب کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں سپیشل ایجوکیشن کے دیگر اہل طلبہ کو ہمت کارڈز کی فراہمی کا عمل بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں ہمت کارڈ سے متعلق تکنیکی امور اور ڈیش بورڈ پر درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم نے کہا کہ سوشل ویلفیئر، سپیشل ایجوکیشن، PITB اور بینک آف پنجاب کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کے ذریعے مسائل کا بروقت حل یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے معذوری سرٹیفکیٹس کی زیرِ التوا درخواستوں کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ زائد المیعاد شناختی کارڈز سے متعلق مسائل اور ان کے حل کے لیے متعلقہ امور پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ڈی جی سوشل ویلفیئر نے کہا کہ دونوں محکموں کے ڈیٹا میں یکسانیت اور درستگی برقرار رکھی جائے تاکہ تمام متعلقہ ادارے یکساں معلومات کے مطابق کام کریں۔
اجلاس میں سپیشل ایجوکیشن کی جانب سے موصول ہونے والے دیگر مسائل اور سوالات کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ سپیشل ایجوکیشن کے افسران و عملے کے لیے ہمت کارڈ سے متعلق تربیتی سیشنز کے انعقاد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم نے ہدایت کی کہ ہمت کارڈ سے متعلق ویڈیو ٹیوٹوریلز اور یوزر مینوئل سپیشل ایجوکیشن کے متعلقہ افسران و عملے کو فراہم کیے جائیں۔ ہمت کارڈ سے متعلق سوالات اور مسائل کے بروقت حل کے لیے مؤثر رابطہ کاری کا نظام یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ اور متعلقہ عملے کو ہمت کارڈ کے تحت مالی معاونت کیش آؤٹ کرنے کے طریقہ کار سے مکمل آگاہی فراہم کی جائے۔ سپیشل ایجوکیشن کے طلبہ کو ہمت کارڈ سے متعلق ضروری رہنمائی اور سہولت کی فراہمی یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔









