لاہور (پنجاب پوسٹ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے چیئرمین شاہ عالم مارکیٹ بورڈ اور ممبر ایگزیکٹو کمیٹی لاہور چیمبر آف کامرس سید عظمت شاہ نے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں شاہ عالم مارکیٹ اور تاجر برادری کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
گورنر پنجاب نے شاہ عالم مارکیٹ کی تاجر برادری کے مسائل توجہ سے سنے اور ان کے حل کے لیے بھرپور یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تاجر برادری کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ ان کے مطابق تاجروں کی وجہ سے ملک میں روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں اور یہ طبقہ مشکل حالات میں بھی ملکی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
سردار سلیم حیدر خان نے شاہ عالم مارکیٹ کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ مارکیٹ اپنے کام اور معیار کی بدولت پورے ایشیا میں جانی جاتی ہے، جبکہ یہاں پورے پاکستان سے تعلق رکھنے والی تاجر برادری کاروبار کرتی ہے۔
گورنر پنجاب نے پیرا فورس کے حوالے سے بھی اہم مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ اس فورس کے لیے ایس او پیز بنائے جانے چاہئیں تاکہ وہ اپنے اختیارات کا ناجائز فائدہ نہ اٹھا سکے۔ملاقات کے اختتام پر گورنر پنجاب نے تاجر برادری کو یقین دلایا کہ ان کے لیے گورنر ہاؤس کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔









