لاہور(پنجاب پوسٹ) لاہور پولیس کے پولیس خدمت مراکز شہریوں کے لیے سہولت کا سب سے بڑا مرکز بن گئے ہیں۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال 12 لاکھ 96 ہزار سے زائد شہریوں کو ان مراکز کے ذریعے ڈیجیٹل سہولیات فراہم کی گئیں۔
پولیس سروسز کی تفصیلات
ترجمان کے مطابق اس دوران 1 لاکھ سے زائد شہریوں کو پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے، جبکہ 2 لاکھ 69 ہزار سے زائد شہریوں نے پولیس ویریفیکیشن کروائی۔ خدمت مراکز پر شہریوں کی جانب سے 281 کرائم رپورٹس درج کروائی گئیں۔ اس کے علاوہ 11 ہزار سے زائد گمشدہ دستاویزات کی رپورٹس کا اندراج کیا گیا، جبکہ 10 ہزار 308 شہریوں کو ایف آئی آر کی مصدقہ نقول فراہم کی گئیں۔
ٹریفک سہولیات
ٹریفک سہولیات کے تحت شہریوں کو 5 لاکھ سے زائد لرنر ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔ اسی عرصے میں 2 لاکھ 44 ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری ہوئے، جبکہ 1 لاکھ 29 ہزار 576 ڈرائیونگ لائسنس ری نیو کیے گئے۔ مزید برآں خدمت مراکز سے 12 ہزار 325 انٹرنیشنل اور 4 ہزار 149 ڈوپلیکیٹ لائسنس بھی جاری کیے گئے۔
سی سی پی او لاہور کا مؤقف
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ پولیس خدمت مراکز میں شہریوں کو شفاف اور معیاری سروسز کی بلا تاخیر فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری سٹیٹ آف دی آرٹ پولیس خدمت مراکز کے ذریعے بین الاقوامی معیار کی سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور پولیس جرائم کے خاتمے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو جدید پولیس سروسز کی فراہمی کے لیے بھی سرگرمِ عمل ہے۔








