لاہور (پنجاب پوسٹ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ ملک میں احتجاج کی اجازت ہے، لیکن دنگا فساد اور ریاستی اداروں پر حملوں کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔ احتجاج کے حوالے سے تحریک انصاف کا ٹریک ریکارڈ اچھا نہیں رہا۔
سولر پاور ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ عوام کی بدقسمتی ہے کہ بجلی مہنگی ہے جبکہ سولر پاور سستی ہے، اب لوگوں کو سستی بجلی دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے خود سولر لگوایا ہے اور اب انہیں بجلی کا بل ادا نہیں کرنا پڑتا۔
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ اب جہاز پر سفر کریں تو چھتوں پر سولر پلیٹیں نظر آتی ہیں، ملک میں سولر پینلز تیار کرنے کی فیکٹریاں لگنی چاہئیں۔ جنگ کی وجہ سے بجلی کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، اگر سولر پر منتقل ہو جائیں تو مفت بجلی حاصل کی جا سکتی ہے، جبکہ سیلاب زدہ علاقوں میں بھی سولر مؤثر رہتا ہے۔
گورنر پنجاب نے احتجاج کے حوالے سے کہا کہ پی ٹی آئی کارکنوں نے پولیس اہلکاروں اور سیکیورٹی اداروں پر حملے کیے، جبکہ سیکیورٹی ادارے اور پولیس اہلکار ریاست کی جانب سے امن و امان کے قیام کے لیے ڈیوٹی انجام دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پارلیمنٹ اور پی ٹی وی پر حملے کیے، ایسے اقدامات برداشت نہیں کیے جا سکتے۔ مانتے ہیں کہ اسلام آباد میں کنٹینر لگانے سے عالمی سطح پر کوئی اچھا امیج نہیں جا رہا، لیکن پی ٹی آئی کے حملوں سے جو کچھ ہوتا ہے وہ بھی اچھا نہیں ہے۔
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ پرامن احتجاج کیا ہے اور اس پر کسی کو اعتراض بھی نہیں ہے۔










