لاہور(پنجاب پوسٹ) پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن لاہور نے ڈپلومہ آف ایسوسی ایٹ انجینئرنگ (ڈی اے ای) سال اول اور سال دوم کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ سال اول میں کامیابی کا تناسب 41.02 فیصد جبکہ سال دوم میں 44.70 فیصد رہا۔
ڈی اے ای سال اول کے امتحانات میں 39 ہزار 24 طلبہ و طالبات نے شرکت کی، جن میں سے 16 ہزار 13 امیدوار کامیاب قرار پائے، یوں سال اول کا کامیابی کا تناسب 41.02 فیصد رہا۔ سال دوم کے امتحانات میں 30 ہزار 901 طلبہ و طالبات شریک ہوئے، جن میں سے 13 ہزار 843 امیدوار کامیاب ہوئے اور کامیابی کا تناسب 44.70 فیصد رہا۔
نتائج کی باقاعدہ اشاعت چیئرمین پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن ڈاکٹر فیصل محمود نے بٹن دبا کر کی۔ تقریب میں سیکرٹری بورڈ چوہدری محمد حفیظ، کنٹرولر امتحانات ملک عرفان قاسم، ڈپٹی سیکرٹری حفیظ الرحمن، سسٹم اینالسٹ سیدہ فاطمہ اقبال سمیت دیگر افسران موجود تھے۔ چیئرمین بورڈ، سیکرٹری اور کنٹرولر امتحانات نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دی۔
چیئرمین ڈاکٹر فیصل محمود نے ہدایت کی کہ طلبہ کا کالج وائز رزلٹ ٹیوٹا پنجاب کو بھیجا جائے، تاکہ ادارے اپنی کارکردگی کا جائزہ لے سکیں۔








