لاہور(پنجاب پوسٹ)پی سی بی نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ سیریز کے ساتھ ساتھ انگلینڈ، پاکستان اور سری لنکا کی ون ڈے ٹرائی سیریز کے لیے بھی میچ آفیشلز کے پینل کا اعلان کر دیا ہے۔ ون ڈے ٹرائی سیریز میں آئی سی سی ایلیٹ پینل کے میچ ریفری جیف کرو فرائض سرانجام دیں گے، جبکہ ایلیٹ پینل کے امپائر احسن رضا اور شرفدولہ کے ساتھ آصف یعقوب، راشد ریاض، فیصل آفریدی، ناصر حسین اور نیوزی لینڈ کے وین نائٹس بھی امپائرنگ کریں گے۔

فائنل میں احسن رضا اور نائٹس آن فیلڈ ہوں گے جبکہ شرفدولہ تھرڈ امپائر ہوں گے، اور شرفدولہ و نائٹس ٹرائی سیریز میں بالترتیب چار اور تین میچز میں تھرڈ امپائر کی ڈیوٹی بھی انجام دیں گے۔ ٹیسٹ سیریز میں انگلینڈ کے آئی سی سی ایمرجنگ ریفری ڈین کوسکر راولپنڈی میں بطور ریفری ٹیسٹ ڈیبیو کریں گے، جبکہ ایلیٹ پینل امپائرز روڈ ٹکر، ایڈرین ہولڈسٹاک اور الاہودین پالیکر آن فیلڈ امپائر ہوں گے اور پالیکر و ٹکر پہلے اور دوسرے ٹیسٹ میں بالترتیب تھرڈ امپائر ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور: پی سی بی کی سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر شان ٹیٹ سے بات چیت جاری، ذرائع
ٹی ٹوئنٹی سیریز میں آئی سی سی انٹرنیشنل پینل کے علی نقوی میچ ریفری ہوں گے، راشد ریاض، ناصر حسین اور فیصل آفریدی آن فیلڈ اور تھرڈ امپائر کی ڈیوٹی دیں گے، جبکہ طارق رشید تینوں میچز میں فورتھ امپائر ہوں گے۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز 9، 11 اور 13 اکتوبر کو راولپنڈی میں، ون ڈے ٹرائی سیریز 18 سے 31 اکتوبر تک راولپنڈی اور لاہور میں، اور دو ٹیسٹ میچز 9 سے 21 نومبر تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے۔










