لاہور (پنجاب پوسٹ) یونیورسٹی آف کمالیہ نے اپنے تعلیمی سفر کے صرف ایک سال میں ہی عالمی رینکنگ میں شمولیت اختیار کر لی۔ یہ کامیابی پائیدار ترقی، ماحول دوست اقدامات اور ذمہ دارانہ کیمپس ڈویلپمنٹ کے لیے یونیورسٹی کی بڑھتی ہوئی وابستگی کا اعتراف ہے۔
یو آئی گرین میٹرک ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2026 کے نتائج کے مطابق یونیورسٹی آف کمالیہ نے پنجاب کی سرکاری جامعات میں 23ویں اور پاکستان کی سرکاری جامعات میں 55ویں پوزیشن حاصل کی ہے، جبکہ مجموعی طور پر پاکستان میں 76ویں، ایشیا میں 787ویں اور دنیا بھر میں 1304ویں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔
ہو آئی گرین میٹرک کی عالمی درجہ بندی میں 110 ممالک کی 2016 جامعات اور اعلیٰ تعلیمی ادارے شامل ہیں، جو جامعات کی پائیدار کارکردگی کے حوالے سے ایک اہم بین الاقوامی معیار فراہم کرتی ہے۔
وائس چانسلر یونیورسٹی آف کمالیہ پروفیسر ڈاکٹر یاسر نواب نے اس کامیابی کو جامعہ کی ترقی میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ جامعہ کے تعلیمی سفر کے انتہائی ابتدائی مرحلے میں عالمی سطح پر یہ شناخت حاصل ہونا خصوصی طور پر حوصلہ افزا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کامیابی کو محض کسی عالمی درجہ بندی میں ایک پوزیشن کے حصول تک محدود نہیں کیا جانا چاہیے بلکہ یہ اس سمت کی عکاس ہے جس میں یونیورسٹی آف کمالیہ کو آگے بڑھایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ کا ویژن ایک گرین، اسمارٹ اور پائیدار ادارے کی تشکیل ہے جہاں تعلیم، تحقیق، اختراع، ٹیکنالوجی اور ماحولیاتی ذمہ داری ایک ساتھ آگے بڑھیں۔
یہ بھی پڑھیں: سرگودھا سرکاری کالج کی طالبات نے میدان مار لیا ، علاقے میں خوشیوں کا سماں
پروفیسر ڈاکٹر یاسر نواب نے کہا کہ جامعہ کمالیہ پائیدار ترقی اور ماحول دوست اقدامات کے فروغ کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی اور مستقبل میں جامعہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ، ماحول دوست اور پائیدار تعلیمی ادارے کے طور پر مزید مستحکم کیا جائے گا۔ یہ کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔











