گوجرانوالہ میں سیم نالے کا آلودہ پانی اپر چناب نہر میں ڈالنے کا انکشاف، شہریوں اور آبی حیات کیلئے بڑا خطرہ پیدا ہوگیا

گوجرانوالہ( ذیشان صابر ) گوجرانوالہ میں موڑ ایمن آباد کے قریب ایک سیم نالے کا آلودہ پانی پائپ کے ذریعے اپر چناب نہر میں شامل کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔

اس نالے میں ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے سیوریج کے علاوہ مختلف فیکٹریوں کا کیمیکل ملا غیر صاف شدہ پانی بھی آتا ہے۔

پنجاب پوسٹ کو دستیاب شواہد کے مطابق، سیم نالے کا پانی پہلے ایک مخصوص راستے سے آگے جاتا تھا، تاہم گوجرانوالہ میں جاری میٹرو منصوبے کے کام کے باعث اس کی نکاسی متاثر ہوئی۔

پنجاب پوسٹ سے گفتگو کرتے ہوئے شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ منصوبے کے کام میں رکاوٹ سے بچنے کے لیے نہر کے ساتھ موجود راستے کی کھدائی کرکے پائپ ڈالا گیا اور سیم نالے کا پانی اپر چناب نہر میں چھوڑ دیا گیا۔

ماہرین ماحولیات کے مطابق اس عمل سے نہ صرف نہر کا پانی آلودہ ہونے کا خدشہ ہے بلکہ انسانی صحت، آبی حیات، ماحول اور زیرِ زمین پانی بھی متاثر ہو سکتا ہے۔ خاص طور پر صنعتی فضلے میں موجود کیمیکلز پانی کے معیار کے لیے سنگین خطرہ بن سکتے ہیں۔

اس معاملے میں محکمہ انہار کی جانب سے تاحال کوئی مؤثر کارروائی سامنے نہیں آئی۔

سوال یہ ہے کہ نہر میں آلودہ پانی شامل کرنے کی اجازت کس نے دی اور اس کے ذمہ دار کون ہیں؟متعلقہ حکام سے مطالبہ ہے کہ فوری طور پر اس عمل کو روکا جائے، پانی کے نمونے لے کر لیبارٹری سے جانچ کرائی جائے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

236783

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے