لاہور (پنجاب پوسٹ)سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن پنجاب شعیب اقبال سید سے عالمی بینک اور عالمی شراکت داری برائے سپیشل ایجوکیشن کے نمائندگان نے ملاقات کی، جس میں خصوصی تعلیم کے نظام میں بہتری اور خصوصی بچوں کو معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں وفد کو خصوصی تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات بہتر بنانے کے منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت صوبے کے 149 خصوصی تعلیمی اداروں میں سہولیات کو بہتر بنانے کا جامع منصوبہ ترتیب دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب ٹیکنیکل بورڈ کے سالانہ نتائج کا اعلان،کتنے طلبا و طالبات کامیاب ہوئے؟
اس منصوبے کے تحت خصوصی بچوں کے لیے 8 ہزار معاون آلات فراہم کیے جائیں گے، جبکہ خصوصی تعلیم کے فروغ کے لیے 301 ابتدائی تعلیمی جماعتیں قائم کی جائیں گی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ خصوصی بچوں کے لیے کتابیں، فرنیچر اور دیگر تعلیمی سامان بھی فراہم کیا جائے گا۔ اساتذہ کی استعداد کار بڑھانے کے لیے 600 اساتذہ کو خصوصی تربیت دی جائے گی، جبکہ 1,200 تربیت کار اساتذہ بھی تیار کیے جائیں گے تاکہ خصوصی تعلیم کا معیار مزید بہتر ہو سکے۔
اس کے علاوہ خصوصی بچوں کی سہولت کے لیے تعلیمی اداروں میں ریمپ، سہارا دینے والی ریلنگ اور خصوصی واش رومز کی تعمیر بھی منصوبے کا حصہ ہے، تاکہ خصوصی بچوں کو آسانی سے نقل و حرکت کی سہولت میسر آ سکے۔وفد نے خصوصی بچوں کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب کے اقدامات کو سراہتے ہوئے انہیں قابلِ تحسین قرار دیا۔اس موقع پر سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن شعیب اقبال سید نے کہا کہ خصوصی بچوں کو آسان، محفوظ اور معیاری تعلیمی ماحول فراہم کرنا وزیر اعلیٰ پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔











