سیالکوٹ (پنجاب پوسٹ) نشاط پارک (چاہ بگیاں) کے قدیم قبرستان میں توڑ پھوڑ اور مسماری پر اہل علاقہ شدید تشویش میں مبتلا ہے۔قبرستان انتظامیہ کی مبینہ غفلت اور بے حسی سے قبروں کی بے حرمتی ہوئی جس کے نتیجے میں شہریوں اور لواحقین میں شدید غم و غصے کی لہر آگئی۔
قبرستان میں والدین اور رشتہ داروں کی قبریں مسمار ہونے پر بیٹی کی روتے ہوئے سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہو گئی۔”میرے لیے والدین کی قبریں ہی ان کی آخری نشانی تھیں”، اپنے پیاروں کی قبریں مسمار دیکھ کر بیٹی شدید آبدیدہ ہو گئی۔قبرستان انتظامیہ نے لواحقین کو بتائے یا چنوٹس دیے بغیر خاموشی سے قبروں کو مسمار کر دیا۔
قبروں پر مٹی ڈال کر اور ٹریکٹر چلا کر پورے قبرستان کو بالکل فلیٹ اور ہموار میدان بنا دیا گیا۔والدین، خالہ، چچا اور دیگر تمام اقارب کی قبروں کے کتبے اور شناختی علامتیں غائب کر دی گئیں۔گورکن کا کتبے ہٹا کر دعویٰ کہ قبریں معلوم ہیں، جبکہ میدان بننے کے بعد شناخت بالکل ناممکن ہو چکی ہے۔
بیٹی کی وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے فوری نوٹس لینے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی اپیل۔وزیر اعلیٰ پنجاب نوٹس لیں اور پوچھیں کہ کس کی اجازت اور کس قانون کے تحت یہ ظالمانہ حرکت کی گئی۔ضلعی انتظامیہ اور بلدیہ سیالکوٹ سے قبرستان کی چاردیواری، صفائی اور تحفظ کے فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔









