لاہور(پنجاب پوسٹ)پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے پی ٹی آئی کے "انتشار مارچ” کے ملتوی ہونے پر مزاحیہ انداز میں ردعمل دیتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر طنزیہ پوسٹرز شیئر کیے ہیں۔
پہلے پوسٹر میں لکھا گیا کہ مارچ ملتوی ہونے پر اسلام آباد نے سکھ کا سانس لیا جبکہ مارچ نے خود بھی اگلی تاریخ تک آرام کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
دوسرے پوسٹر میں طنزیہ انداز میں سوال کیا گیا کہ "اسلام آباد آ رہے ہو؟” جس کے جواب میں "ابھی نہیں” کہا گیا، جس پر اسلام آباد کی جانب سے جواب دیا گیا کہ "اچھا میں بھی آرام کر لیتا ہوں”۔
تیسرے پوسٹر میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو کارکنوں سے "آزادی یا موت” کا نعرہ پوچھتے دکھایا گیا جس کے جواب میں ایک کارکن نے کہا "تو رین دے بھائی”۔ تینوں پوسٹرز میں سہیل آفریدی کو افسردہ انداز میں پیش کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی کا لانگ مارچ 5 اکتوبر تک ملتوی کرنے کا فیصلہ، ذرائع
اس کے علاوہ عظمیٰ بخاری نے ایک باضابطہ بیان میں کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے سنگین واقعات رونما ہو رہے ہیں لیکن وزیراعلیٰ کی توجہ امن و امان کی بحالی کے بجائے سیاسی سرگرمیوں پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کوہاٹ میں پیش آنے والے دہشتگردی کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر کسی بھی صوبائی عہدیدار کا نماز جنازہ میں شرکت نہ کرنا انتہائی افسوسناک امر ہے۔










