لاہور (پنجاب پوسٹ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 27 ستمبر کو ہونے والا لانگ مارچ 5 اکتوبر تک مؤخر کرنے کا فیصلہ کرلیا، ذرائع کے مطابق پشاور میں پارٹی اجلاس کے دوران لانگ مارچ سے متعلق فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 27 ستمبر کا لانگ مارچ اب 5 اکتوبر کو کیا جائے گا، تاہم اس فیصلے کا باضابطہ اعلان محمود اچکزئی اور علامہ راجا ناصر عباس کو اعتماد میں لینے کے بعد کیا جائے گا۔
شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ پُرامن ہوگا اور اس میں سرکاری وسائل استعمال نہیں کیے جائیں گے۔ وفاقی حکومت مذاکرات کرے تو لانگ مارچ سے متعلق کچھ فیصلہ ہوسکتا ہے، تاہم اس بار کچھ حاصل کیے بغیر لانگ مارچ ختم نہیں ہوگا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا تھا کہ ہمیں کنٹینرز ہٹا کر راستے کھولنے کی ضرورت نہیں، جہاں راستہ بند ہوگا وہیں دھرنا دیا جائے گا۔
تاہم خیبرپختونخواہ حکومت کی جانب سے پنجاب پوسٹ کو بتایا گیا کہ لانگ مارچ موخر کرنے کے حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ ‘ پاکستان تحریک انصاف کی پولیٹیکل کمیٹی کی میٹنگ جاری ہے۔ جو بھی مشاورت ہوگی اس کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔’










