سیالکوٹ (پنجاب پوسٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن اور ہدایت پر کمشنر گوجرانوالہ محمد علی نے پسرور میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں انہوں نے شہریوں کی شکایات براہ راست سنیں اور مسائل کے فوری ازالے کے لیے متعلقہ افسران کو موقع پر احکامات جاری کیے۔
کھلی کچہری میں محکمہ ریونیو، ستھرا پنجاب، پیرا فورس، محکمہ تعلیم، اکاؤنٹس آفس اور میونسپل کمیٹی سے متعلق شہریوں نے اپنی درخواستیں اور شکایات پیش کیں۔ درخواست گزاروں میں خواتین اور بزرگ شہری بھی شامل تھے۔
کمشنر محمد علی نے مختلف درخواستوں پر ریونیو افسران، گرداوروں اور پٹواریوں کو موقع پر طلب کرکے درخواستوں کی سماعت کی، جبکہ ضلع کونسل، میونسپل کمیٹی، محکمہ تعلیم اور دیگر ضلعی محکموں سے متعلق شکایات پر بھی متعلقہ افسران کو موقع پر بلایا اور فوری کارروائی کی ہدایت کی۔
اس موقع پر کمشنر گوجرانوالہ محمد علی نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل اور شہریوں کو ریلیف کی فراہمی حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر کھلی کچہریاں منعقد کی جا رہی ہیں تاکہ شہریوں کو ان کی دہلیز پر ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: اوکاڑہ زمین کا تنازعہ، معمولی جھگڑا، بھتیجوں نے پھپھو کو مار ڈالا
انہوں نے کہا کہ شہریوں کی شکایات پر متعلقہ محکموں کے افسران قانون و ضابطے کے مطابق فوری کارروائی یقینی بنائیں اور درخواست گزاروں کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے۔
کھلی کچہری میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عباس ذوالقرنین، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز، اسسٹنٹ کمشنر پسرور ثناء شرافت، اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ سعدیہ جعفر، اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال عدنان بشیر سمیت تمام ضلعی محکموں کے افسران نے شرکت کی۔









