حافظ آباد(پنجاب پوسٹ) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے غازی چک میں کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر چربی سے آئل تیار کرنے والے یونٹ کے خلاف ایکشن لیا۔ کارروائی کے دوران 280 لٹر چربی سے تیار کیا گیا آئل تلف جبکہ مقدمہ درج کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کارروائی کے دوران 13 پلاسٹک ڈرم، دو فرائنگ کڑاہے اور ایک موٹر سائیکل بھی ضبط کرلی۔ موٹر سائیکل کے ذریعے آئل کی خرید و فروخت کی جارہی تھی، جبکہ کیمیکل والے ڈرموں میں تیار کردہ آئل کو ذخیرہ کیا جارہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: وارداتوں کی نصف سینچری کرنے والے 2 ماسٹر مائنڈ ملزمان ڈولفن سکواڈ کی گرفت میں
ترجمان کے مطابق تلف کیے گئے آئل سے بڑی مقدار میں مضرِ صحت اور ناقص کوکنگ آئل و گھی تیار کیا جانا تھا۔ یونٹ میں انتہائی ضروری ریکارڈ بھی موجود نہیں تھا اور متعلقہ پی ایف اے لائسنس کے بغیر کاروباری سرگرمیاں جاری تھیں۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ترجمان نے بتایا کہ آلائشوں سے تیار کردہ آئل صرف بائیو ڈیزل اور صابن بنانے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے، اسے انسانی خوراک میں استعمال کرنا ممنوع ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ جعل ساز مافیا کے نت نئے حربوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ اپنے گردونواح میں ایسے عناصر کی موجودگی کی اطلاع پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر دیں۔









