اب لاہور میں ڈالہ کلچر ہوگا اور نہ ہی چوکوں میں بھکاری ، پولیس شہر میں جرائم کنٹرول کرنے کیلئے کیا نیا کر رہی ہے ؟

لاہور(پنجاب پوسٹ) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی زیرصدارت ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں انسدادِ جرائم اجلاس، پیشہ ور بھکاریوں، چوروں اور نوسربازوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم
ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں انسدادِ جرائم کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی زیرِصدارت منعقد ہوا، جس میں ایس ایس پی آپریشنز، ایس پی ماڈل ٹاؤن، تمام سرکل افسران اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ اجلاس میں شہر میں جرائم کی روک تھام اور امن عامہ کی بہتری کے لیے متعدد اہم ہدایات جاری کی گئیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ پیشہ ور بھکاری بہت سی سماجی برائیوں اور جرائم میں ملوث پائے جاتے ہیں، لہٰذا چوکوں اور چوراہوں پر کھڑے بھکاریوں کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کیا جائے۔ انہوں نے شہریوں کو قیمتی اشیاء سے محروم کرنے والے چوروں اور جیب تراشوں کا سختی سے محاسبہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ موبائل فون اور دیگر اشیاء کی چوری کی وارداتیں کنٹرول کرنے کے لیے موثر حکمتِ عملی اپنائی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوسربازی کے ذریعے شہریوں کو مالی نقصان پہنچانے والے گروہوں کو پکڑا جائے، جبکہ ڈالہ کلچر اور ناجائز اسلحہ کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔ اس ضمن میں ڈی آئی جی آپریشنز نے ڈالہ کلچر اور ناجائز اسلحہ سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ طلب کر لی۔

فیصل کامران نے سود خوروں، منشیات فروشوں، جواریوں اور پتنگ بازوں کے خلاف بھی کارروائیاں تیز کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ رات کے اوقات میں آوارہ پھرنے والے مشکوک افراد کو لازمی چیک کیا جائے، جبکہ دورانِ ڈیوٹی، خصوصاً رات کے اوقات میں، ہر افسر و اہلکار نیم پلیٹ آویزاں کرنے کا پابند ہوگا۔اجلاس کے اختتام پر ڈی آئی جی آپریشنز نے تھانوں کی سطح پر عوامی مسائل کے فوری حل اور شہریوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے پر زور دیا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے