لاہور(پنجاب پوسٹ)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے محکمہ ہاؤسنگ کے اہم اجلاس میں تمام متعلقہ افسران اور کنٹریکٹرز کو طلب کر کے واضح پیغام دیا ہے کہ بروقت اور معیاری کام پر پذیرائی ملے گی جبکہ ناقص اور تاخیر کا شکار کاموں پر سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اجلاس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت دی گئی۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے کہا کہ کام کی بروقت تکمیل کے لیے سمارٹ ایگزیکیوشن پلان پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ اس پلان کے تحت ترقیاتی کاموں کو تین پیکیجز میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر پیکیج تین ماہ کی مدت پر مشتمل ہوگا۔
نورالامین مینگل نے واضح کیا کہ کوئی کام ادھورا نہیں چھوڑا جائے گا اور ہر پیکیج کو مقررہ تین ماہ کے اندر مکمل کرنا لازمی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بروقت اور معیاری کام کی تکمیل ہر صورت یقینی بنائی جائے، اور نامکمل یا غیر معیاری کام کی صورت میں متعلقہ افسر اور ٹھیکیدار دونوں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نے ہدایت دی کہ آئندہ مون سون کے سیزن سے قبل تمام زیر التوا کام مکمل کر لیے جائیں تاکہ بارشوں کے دوران عوام کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے بتایا کہ سیوریج نظام کی استعداد کار بڑھانے پر بھی کام جاری ہے۔
نورالامین مینگل نے کہا کہ گزشتہ مون سون کے دوران پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت کیے گئے کاموں کے مثبت اثرات واضح طور پر دیکھے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار اتنے بڑے پیمانے پر متعدد اضلاع میں بیک وقت ترقیاتی کام جاری ہیں۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق تمام منصوبوں کی کارکردگی کی کڑی نگرانی اور جانچ پڑتال جاری رکھی جائے گی تاکہ عوامی مفاد کے یہ منصوبے مقررہ وقت میں اور معیاری انداز میں مکمل ہو سکیں۔
یہ بھی پڑھیں:راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ،38 کلومیٹر کے دائرے میں کیا نئی چیزیں کی جارہی ہیں؟









