راولپنڈی(پنجاب پوسٹ)سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی زیر صدارت راولپنڈی رنگ روڈ کے لینڈ یوز پلان کے حوالے سے ایک اہم آن لائن اجلاس منعقد ہوا جس میں 38 کلومیٹر طویل رنگ روڈ کے لینڈ یوز پلان پر تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں کمشنر راولپنڈی سلمان غنی نے رنگ روڈ کے لینڈ یوز پلان کے بارے میں بریفنگ دی، جبکہ لینڈ یوز پلاننگ کنسلٹنٹ نے منصوبے کے مختلف خدوخال پر تفصیلی بریفنگ پیش کی۔محکمہ ہاؤسنگ کے ترجمان کے مطابق رنگ روڈ کے اطراف لائٹ اور ہیوی انڈسٹریل زونز کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، جبکہ رہائشی اور کمرشل علاقوں کے درمیان اربن فاریسٹ کے ذریعے گرین بفر زون قائم کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ رنگ روڈ کے اطراف ہسپتالوں اور ہیلتھ فسیلٹیز کے لیے بھی اراضی مختص کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ آئی ٹی، تعلیم، کھیل، فوڈ اور دیگر شعبوں کے لیے مخصوص زونز تجویز کیے گئے ہیں، جبکہ رنگ روڈ پر بس ٹرمینلز اور دیگر ضروری شہری سہولیات کی منصوبہ بندی بھی کی گئی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ مربوط لینڈ یوز پلان کے ذریعے رہائشی، تجارتی اور زرعی سرگرمیوں کو منظم کیا جائے گا اور اس منصوبے کے ذریعے علاقے کی متوازن شہری ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔اجلاس کے اختتام پر ترجمان نے بتایا کہ راولپنڈی رنگ روڈ کے لینڈ یوز پلان کی منظوری کے لیے سمری کابینہ کو ارسال کی جائے گی۔












