لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب لوکل روڈ پروگرام میں اہم پیش رفت۔صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت لوکل روڈ پروگرام کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں پروگرام پر جاری کام اور پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو راجہ جہانگیر انور، اسپیشل سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹریز اور چیف انجینئرز نے شرکت کی، جبکہ ایس ایز اور ایکسینز نے آن لائن شرکت کی۔اجلاس میں صوبائی وزیر کو لوکل روڈ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ فیلڈ فارمیشن کو مزید شاہراہوں کی تکمیل کے لیے 30 ستمبر اور 5 اکتوبر کے اہداف دیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں:ملتان میں جیل کی جگہ عوامی پارک ، شجاع آباد اور خان گڑھ کے درمیان چناب پل بنایا جائے گا
ملک صہیب احمد بھرتھ نے لوکل روڈ پروگرام کو 15 اکتوبر تک مکمل کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے ہدایت کی کہ لین مارکنگ اور فوٹو فنشنگ کا کام بھی ساتھ ساتھ مکمل کیا جائے۔صوبائی وزیر نے چیف انجینئرز کو فیلڈ میں جا کر شاہراہوں کا معائنہ کرنے کی ہدایت کی، جبکہ روڈ ایسیٹ مینجمنٹ کی ٹیم کو لوکل روڈ پروگرام کے معیار کی جانچ شروع کرنے کا حکم دیا۔
انہوں نے کہا کہ روڈ ایسیٹ مینجمنٹ کی ٹیم لوکل روڈ پروگرام کے تحت مکمل ہونے والی ایک ہزار کلومیٹر شاہراہوں کے معیار کا جائزہ لے کر رپورٹ مرتب کرے۔ملک صہیب احمد بھرتھ نے بتایا کہ پنجاب میں لوکل روڈ پروگرام فیز ٹو بھی شروع کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں صوبے میں شاہراہوں کا نیٹ ورک قائم کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:شور کوٹ کبیر والہ 64 کلومیٹر روڈ کا کام ، کتنا مکمل ہوا ؟ افتتاح کب ہوگا؟












