لاہور (پنجاب پوسٹ) رائے ونڈ تبلیغی اجتماع کے اختتام اور شرکا کے انخلا کے موقع پر لاہور ٹریفک پولیس نے خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق کل صبح اختتامی دعا کے وقت رائے ونڈ سٹی کی جانب آنے والی تمام شاہراہیں ٹریفک کے لیے بند رہیں گی، جبکہ شرکا کی گاڑیوں کو مختلف راستوں پر یکطرفہ چلایا جائے گا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق صبح 6 بجے سے انخلا مکمل ہونے تک، تقریباً دوپہر ایک بجے تک رائے ونڈ جانے والے راستے بند رہیں گے۔ رائے ونڈ روڈ پر پاجیاں موڑ، قزلباش چوک، موٹروے اور ٹھوکر نیاز بیگ تک دونوں اطراف ٹریفک کو ون وے چلایا جائے گا، جبکہ بھوبتیاں چوک سے موہلنوال، سندر روڈ، رائے ونڈ مانگا روڈ، کوٹ رادھا کشن روڈ اور صوئے آصل روڈ پر بھی شرکا کی گاڑیوں کو یکطرفہ چلایا جائے گا۔
سی ٹی او کے مطابق انخلا کے دوران موٹروے اور رنگ روڈ سے کسی بھی قسم کی ٹریفک کو رائے ونڈ کی جانب آنے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ رائے ونڈ، مانگا، سندر اور موہلنوال روڈ پر روڈ کراسنگ بھی بند رہے گی۔ انخلا کے لیے پہلے موٹرسائیکل اور رکشہ اسٹینڈز، اس کے بعد کار اور ویگن اسٹینڈز جبکہ آخر میں بس اور ٹرک اسٹینڈز خالی کروائے جائیں گے۔
ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اضافی وارڈنز اور دفتری عملہ بھی تعینات کر دیا گیا ہے۔ سی ٹی او لاہور نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کل صبح 6 بجے سے دوپہر ایک بجے تک رائے ونڈ روڈ پر سفر سے گریز کریں اور اختتامی دعا کے وقت اجتماع روڈ پر گاڑیاں کھڑی نہ کریں۔ ٹریفک کا دباؤ کم ہونے پر شاہراہوں کو معمول کے مطابق کھول دیا جائے گا۔ شہری مزید رہنمائی اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔










