لاہور (پنجاب پوسٹ) بنگلہ دیش کے 34 رکنی اعلیٰ سطحی سول افسران کے وفد نے تاریخی بادشاہی مسجد کا دورہ کیا۔ بنگلہ دیشی وفد ان دنوں نیشنل سکول آف پبلک پالیسی لاہور میں تربیتی پروگرام میں شریک ہے۔
دورے کے دوران وفد نے مزارِ اقبالؒ پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی، جبکہ مقدس تبرکات گیلری اور اقبال ہال کا بھی دورہ کیا اور تاریخی نوادرات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وفد کو پنجاب بھر کے مزارات پر قائم جدید ہیریٹیج گیلریوں اور تاریخی نوادرات کی دستاویز بندی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر مزارات اور تاریخی مقامات کی تزئین و آرائش سے متعلق محکمہ اوقاف کی دستاویزی فلمیں بھی دکھائی گئیں۔ بنگلہ دیشی افسران نے حکومت پنجاب کی جانب سے مذہبی ورثے کے تحفظ اور صوفیانہ روایات کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ کی قیادت میں مزارات اور مساجد کی بحالی کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔
وفد نے اپنے تاثرات میں کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کا مشترکہ اسلامی و ثقافتی ورثہ دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کی بنیاد ہے۔










