پنجاب میں مریم کا نظام بچیوں کو سکول نہیں بھیج رہا، 80 لاکھ لڑکیاں سکولوں سے باہر ہیں: حافظ نعیم

لاہور(پنجاب پوسٹ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پنجاب میں اس وقت 80 لاکھ بچیاں اسکول نہیں جا رہیں اور وزیراعلیٰ مریم نواز کا نظام بچیوں کو اسکول نہیں بھیج رہا۔ وہ پاک انٹرنیشنل بزنس فورم کے زیر اہتمام "ہمارا ہنر، ہماری پہچان” کے عنوان سے منعقدہ خدیجۃ الکبریٰ نمائش سے خطاب کر رہے تھے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں خواتین کے حوالے سے بہت تحفظات پائے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر معاشرے میں عدل ہو تو خواتین بہت سی پریشانیوں سے بچ سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا میں افراتفری ہے اور لوگوں کو ان کے حقوق نہیں مل رہے۔

انہوں نے کہا کہ امیر اور غریب کے درمیان بہت فرق ہے جبکہ مڈل کلاس بھی پس رہا ہے۔ ان حالات میں اگر خواتین نوکری نہیں کریں گی تو گھر کیسے چلیں گے؟ انہوں نے کہا کہ تمام خواتین گھر میں نہیں بیٹھ سکتیں، اور اگر خواتین ڈاکٹر اور ٹیچرز نہیں بنیں گی تو معاشرہ کیسے چلے گا؟

حافظ نعیم الرحمان نے پنجاب حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صوبے میں 80 لاکھ بچیاں اسکول نہیں جا رہیں اور مریم نواز کا نظام انہیں اسکول نہیں بھیج رہا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مریم نواز عوام کے پیسوں سے خریدے گئے جہاز پر اپنی بیٹی کی گریجوایشن تقریب میں گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے 15 ہزار اسکولوں کو آؤٹ سورس کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نجی اسکولوں میں بھی تعلیم کا دہرا معیار بنا دیا گیا ہے اور اچھی تعلیم کے لیے انتہائی زیادہ فیسیں وصول کی جاتی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ بچوں کو مفت اور معیاری تعلیم دینا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بچیوں کی پیدائش اور تعلیم و تربیت جنت میں جانے کا راستہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اس دین سے وابستہ ہیں جو عورت کو عزت اور حقوق دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو عزت اور ان کے حقوق دے، اور اس کی بنیادی ذمہ داری صحت، تعلیم اور امن فراہم کرنا ہے۔ ان کے مطابق ریاست عوام سے ہر چیز پر ٹیکس تو لیتی ہے مگر حقوق نہیں دیتی۔ انہوں نے کہا کہ بعض لوگ ایجنڈا بنا کر نظام پر قابض افراد کو مزید طاقتور کر دیتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ دیہاتوں میں مزدوری کرنے والوں کی تعداد 8 کروڑ ہے، جن میں 2 کروڑ خواتین شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان مزدوروں کو رجسٹرڈ بھی نہیں کیا گیا اور خواتین ٹھیکیداری نظام میں کام کرنے پر مجبور ہیں۔


Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے