لاہور (پنجاب پوسٹ) الیکٹرک بس میں خاتون مسافر اور کنڈکٹر کے درمیان پیش آنے والے واقعے کے بعد خاتون کے سابقہ رویے سے متعلق اہم انکشافات سامنے آگئے۔ ذرائع کے مطابق خاتون ماضی میں بھی بس عملے اور مسافروں کے ساتھ متعدد بار بدتمیزی کرتی رہی ہیں، جبکہ ان کے مبینہ نامناسب رویے کے باعث بس میں سوار خواتین اور بچے خوفزدہ ہوتے رہے۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران خاتون سے متعلق تنازعات کے نتیجے میں دو بس ملازمین اپنی ملازمتوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، اپریل میں بھی اسی خاتون سے تنازع پر ایک بس ڈرائیور کو ملازمت سے فارغ کیا گیا تھا۔ تازہ واقعہ 7 نومبر کو گرین ٹاؤن سے ریلوے اسٹیشن جانے والی الیکٹرک بس میں پیش آیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں کنڈکٹر کو خاتون کو دھکے دیتے دیکھا گیا۔
ابتدائی انکوائری میں کنڈکٹر کے طرز عمل کو غیر پیشہ ورانہ قرار دیا گیا، جس کے بعد اسے ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کنڈکٹر کی سرعام معافی کی ویڈیو اپنے ایکس اکاؤنٹ پر بھی شیئر کی۔ تاہم فوری انصاف کے نام پر کنڈکٹر کی سرعام تذلیل اور عزت نفس مجروح کیے جانے پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
ذرائع کے مطابق بس ملازمین نے یکطرفہ کارروائی اور کنڈکٹر کی برطرفی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ خاتون کے ممکنہ ذہنی صحت کے مسائل پر توجہ دینے اور واقعے کی غیر جانبدارانہ انکوائری کرنے کے بجائے صرف ایک ملازم کے خلاف کارروائی کیوں کی گئی۔











