شہباز شریف کا فون، حافظ نعیم کا جواب: "لیوی بھتہ ختم کیے بغیر بات نہیں بنے گی”

لاہور(پنجاب پوسٹ) وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچتے ہی امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن سے رابطہ کیا، جس کے دوران وزیراعظم نے جماعت اسلامی سے درخواست کی کہ لانگ مارچ کچھ دن کے لیے ملتوی کردیا جائے۔

پیر اور منگل کی درمیانی شب نیویارک پہنچتے ہی وزیراعظم کا امیر جماعت اسلامی سے ملتان میں ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جہاں حافظ نعیم الرحمن جماعت اسلامی کے پٹرولیم لیوی کے خلاف جاری سپر لانگ مارچ کے سلسلے میں موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوام کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان کیا جا چکا ہے اور وطن واپس پہنچتے ہی امیر جماعت اسلامی سے ملاقات کرکے عوام کے لیے بہتر ریلیف پیکج کا اعلان کریں گے۔

تاہم امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے واضح موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ اعلان شدہ ریلیف پیکج کسی صورت قبول نہیں اور ان کی جماعت جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ جماعت اسلامی گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے لیوی بھتہ کے خلاف احتجاج کررہی ہے اور لیوی بھتہ کے مکمل خاتمے تک احتجاج سے دستبردار نہیں ہوں گے۔

اس کے باوجود حافظ نعیم الرحمن نے وزیراعظم کی درخواست کو فی الفور مسترد کرنے کے بجائے کہا کہ آپ کی درخواست پر لانگ مارچ میں چند دن کے وقفے کے بارے میں جماعت کی قیادت سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے۔ ان کے مطابق منگل کی صبح مشاورت کے بعد ملتان میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے