بانی کا علاج قانون کے مطابق ہوگا ،انکی مرضی سے نہیں،اسلام آباد دھاوا بولنے کی اجازت نہیں دیں گے،محسن نقوی

لاہور(پنجاب پوسٹ)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی تیاری کی جا رہی ہے، تاہم جو بھی اسلام آباد کو بند کرنے یا دھاوا بولنے کی کوشش کرے گا، اس سے قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم موجود ہے اور اس پر من و عن عملدرآمد کرایا جائے گا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے حالات سب کے سامنے ہیں اور پولیس اہلکار اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید ہونے والے جوان کسی ایک فریق کے نہیں بلکہ پاکستان کے شہید ہیں۔ وزیر داخلہ نے سیاسی قیادت کی جانب سے شہداء کے جنازوں میں شرکت نہ کرنے پر بھی تنقید کی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے اکثر لوگ لانگ مارچ نہیں کرنا چاہتے اور انہیں خود بھی واضح طور پر معلوم نہیں کہ ان کا مطالبہ کیا ہے۔ عمران خان کے حوالے سے محسن نقوی نے کہا کہ ان کا علاج قانون کے مطابق ہوگا، ان کی مرضی کے مطابق نہیں، جبکہ ان کا میڈیکل چیک اپ بھی ہو چکا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے خبردار کیا کہ اس بار اسلام آباد آنے اور کئی دنوں تک ملک کو بند رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، بلکہ حکومت اس حوالے سے مستقل لائحہ عمل اختیار کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت کو اب بھی وقت ہے کہ وہ ایسے راستے پر نہ جائے جہاں سے واپسی مشکل ہو۔

نئے صوبوں کے قیام سے متعلق محسن نقوی نے کہا کہ وہ پُرامید ہیں کہ ملک میں نئے صوبے ضرور بنیں گے اور اس معاملے پر پیش رفت تیزی سے جاری ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ کی صورتحال کے مطابق قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے اور موجودہ حالات میں دنیا بھر میں پیٹرول کی دستیابی ایک بڑا مسئلہ بن رہی ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے