پنجاب میں 20 برس میں کسانوں کو 10ہزار ٹریکٹر دئیے گئے ،مریم نواز نے صرف 10 سال میں 35 ہزار کیسے دئیے ؟

لاہور(پنجاب پوسٹ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے کسانوں کو ایک اور بڑا تحفہ دیتے ہوئے سی ایم گرین ٹریکٹر پروگرام فیز فور کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ تقریب میں وزیراعلیٰ نے ڈیجیٹل بیلٹنگ کے ذریعے قرعہ اندازی کا آغاز کیا اور بٹن دبا کر کامیاب امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا، جس میں پہلا ٹریکٹر اٹک کے کسان مسعود خان ولد لال خان کے نام نکلا۔ اسی موقع پر وزیراعلیٰ نے گرین ٹریکٹر پروگرام فیز فائیو کے لیے ایپلی کیشن پورٹل کا بھی افتتاح کیا تاکہ مزید کسان اس سکیم سے مستفید ہو سکیں۔

صوبائی وزیر زراعت عاشق کرمانی نے وزیراعلیٰ کو پروگرام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، جس کے مطابق رواں مالی سال میں دونوں فیزز میں مجموعی طور پر 19,500 گرین ٹریکٹر کسانوں میں تقسیم کیے جائیں گے۔ فیز فور میں 50 سے 65 ہارس پاور کے 10 ہزار ٹریکٹرز دیے جائیں گے جن پر حکومت ساڑھے سات لاکھ روپے فی ٹریکٹر سبسڈی دے گی، جبکہ فیز فائیو میں 75 سے 125 ہارس پاور کے 9,500 ہائی پاور ٹریکٹرز پر 10 لاکھ روپے سبسڈی مختص کی گئی ہے۔ پورے پروگرام کے لیے 17.6 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب تک گرین ٹریکٹر پروگرامز کے تحت 24 ہزار ٹریکٹرز 10 لاکھ روپے فی ٹریکٹر سبسڈی کے ساتھ کسانوں کو فراہم کیے جا چکے ہیں۔ سکیم میں بھکر، جھنگ، لودھراں اور وہاڑی سمیت جنوبی پنجاب کے اضلاع کی نمائندگی زیادہ رہی، اور ہر ضلع کا کوٹہ وہاں کی کاشتہ اراضی کے تناسب سے مقرر کیا گیا۔ درخواست دہندگان میں 5 ایکڑ یا اس سے زائد زرعی رقبے کے مالک کسان اہل قرار پائے۔ پروگرام کے لیے 2 لاکھ 13 ہزار 637 سے زائد کسانوں نے درخواستیں جمع کروائیں، جن میں سے پی ایل آر اے اور نادرا سے تصدیق کے بعد 1 لاکھ 28 ہزار 757 اہل کاشتکاروں کو قرعہ اندازی میں شامل کیا گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 20 سالوں میں کسانوں کو صرف 10 ہزار ٹریکٹرز فراہم کیے گئے تھے، جبکہ موجودہ حکومت نے محض ڈھائی سال میں 35 ہزار ٹریکٹرز تقسیم کیے۔ اسی طرح ایگریکلچر میکانائزیشن پر 20 سالوں میں 3 ارب روپے خرچ ہوئے تھے، جبکہ ڈھائی سال میں یہ رقم 20 ارب روپے تک پہنچ گئی۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب میں پہلی بار 90 ہارس پاور کے ٹریکٹرز مقامی سطح پر تیار اور 100 ہارس پاور کے ٹریکٹرز مقامی طور پر اسمبل کیے جا رہے ہیں، جبکہ 5 مقامی ساختہ ٹریکٹر ماڈلز کو بھی سکیم میں شامل کیا گیا ہے۔

تقریب کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سکیم میں دیے جانے والے ٹریکٹرز کا خود معائنہ بھی کیا اور مقامی طور پر تیار کردہ ٹریکٹرز دیکھ کر اطمینان کا اظہار کیا۔ بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ سی ایم گرین ٹریکٹر سکیم کی بدولت پنجاب میں ٹریکٹر سازی کی صنعت اور خریدوفروخت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے تمام کسانوں کو مبارکباد دی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے