سرگودھا(پنجاب پوسٹ)بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان 2026 کے نتائج کا باضابطہ اعلان کر دیا، جس میں مجموعی طور پر کامیابی کا تناسب 69.19 فیصد رہا۔
نتائج کے اعلان کے لیے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چودھری نے کمپیوٹر کا بٹن دبا کر نتیجہ آن لائن جاری کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر تصور حیات، رکن صوبائی اسمبلی سردار سعید اکبر نوانی اور چیئرمین بورڈ حیدر عباس گوندل سمیت دیگر معزز شخصیات نے بھی شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور بورڈ انٹرمیڈیٹ نتائج کا اعلان ،لڑکیاں پھر بازی لے گئیں
بورڈ حکام کے مطابق مجموعی طور پر 55 ہزار 34 امیدواروں نے امتحان میں حصہ لیا، جن میں سے 38 ہزار 76 طلبہ و طالبات کامیاب قرار پائے۔ اضلاع کی سطح پر کامیابی کے تناسب میں ضلع سرگودھا 72.14 فیصد کے ساتھ سرفہرست رہا، جبکہ ضلع خوشاب میں 68.35 فیصد، میانوالی میں 65.69 فیصد اور بھکر میں 64.92 فیصد امیدوار کامیاب ہوئے۔
ادارہ جاتی لحاظ سے دیکھا جائے تو سرکاری تعلیمی اداروں کے 13 ہزار 377 امیدوار، غیر سرکاری اداروں کے 19 ہزار 810 امیدوار جبکہ 4 ہزار 889 پرائیویٹ امیدوار بھی کامیاب قرار دیے گئے۔ تقریب کے دوران پوزیشن ہولڈر طلبہ میں تعریفی اسناد، میڈلز اور شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔








