لاہور (پنجاب پوسٹ) صوبہ بھر میں سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی گاڑیوں کے خلاف ٹریفک پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائیوں کے احکامات جاری کر دیے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران 3 ہزار سے زائد دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو چالان ٹکٹ جاری کیے گئے، جبکہ دھواں چھوڑنے پر 9 سے زائد گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ معطل کیے گئے۔
ماحول دشمن 6 سے زائد گاڑیوں کے روٹ پرمٹ معطل کیے گئے جبکہ دھواں چھوڑنے والی 14 گاڑیوں کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کیا گیا۔ 1800 سے زائد گاڑیوں کو دھواں چھوڑنے پر بند بھی کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی پولیس کا سرچ آپریشن، 7 غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندے گرفتار
ترجمان کے مطابق رواں ماہ 1100 سے زائد ریت مٹی والی ٹریکٹر ٹرالیوں کو بغیر ترپال کے بھاری جرمانے کیے گئے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے شہریوں سے گاڑیوں کی مینٹیننس یقینی بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کو سموگ فری بنانے کے لیے تمام ٹریفک افسران متحرک ہو کر کام کریں۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں سموگ والی وہیکلز کے خلاف ٹریفک پولیس کی ٹیمیں بہترین کام کر رہی ہیں اور سموگ کے تدارک کیلئے حکومتی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کروایا جا رہا ہے۔
محمد وقاص نذیر کا کہنا تھا کہ گاڑیوں سے نکلنے والا زہریلا دھواں بے تحاشہ بیماریوں اور ماحولیاتی آلودگی کا باعث بنتا ہے، ہمیں اپنے ماحول کو بچانے کے لیے گاڑیوں سے نکلنے والے زہریلے دھوئیں کا خاتمہ کرنا ہے۔










