لاہور(پنجاب پوسٹ)لاہور میں بسنت کے دوران شہریوں کی حفاظت اور ٹریفک کے بہتر انتظام کے لیے سٹی ٹریفک پولیس نے خصوصی پلان مرتب کرلیا ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر لاہور عبدالرحیم شیرازی کے مطابق بسنت سے قبل شہر کے تقریباً 23 لاکھ بائیکرز کو سیفٹی راڈز فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ گزشتہ بسنت کے موقع پر 10 لاکھ موٹرسائیکل سواروں کو سیفٹی راڈز فراہم کیے گئے تھے۔
منصوبے کے تحت راڈز کی تنصیب کے لیے شہر کے اہم مقامات پر 100 کیمپس قائم کیے جائیں گے، یکم نومبر سے آگاہی مہم شروع ہوگی اور یکم جنوری 2027 سے سیفٹی راڈز کی تنصیب کا عمل شروع کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:سال 2027 بسنت فیسٹیول: 8 روز میں پورٹل پر 2 ہزار سے زائد درخواستیں جمع
پلان کے مطابق موٹرسائیکل پر ڈبل سواری کی صورت میں دونوں افراد کے لیے ہیلمٹ پہننا لازمی ہوگا، جبکہ بسنت کے دوران مقرر کیے جانے والے ریڈ زونز میں بائیکرز اور چنگچی رکشوں کا داخلہ بند رہے گا۔
شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی بغیر سیفٹی راڈز کے بائیکرز کو داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ٹریفک پولیس کے مطابق منصوبے پر تین مراحل میں عملدرآمد ہوگا، جس میں پہلے مرحلے میں آگاہی، دوسرے میں عملی اقدامات اور تیسرے مرحلے میں قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف انفورسمنٹ شامل ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور میں بسنت 6 ماہ پہلے تیاریاں شروع، وزیر اعلیٰ نے اہم ہدایات جاری کردیں












