لاہور(پنجاب پوسٹ)پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی جانب سے پارٹنر اسکولوں کی مانیٹرنگ کے دوران مختلف بے ضابطگیاں اور بنیادی سہولیات سے متعلق مسائل سامنے آنے پر مختلف اضلاع کے 17 پارٹنر اسکولوں کے معاہدے منسوخ کر دیے گئے۔ کارروائی غیر معیاری انفراسٹرکچر، خستہ حال اور خطرناک عمارتوں سمیت رجسٹریشن کے تقاضے مکمل نہ کرنے کی وجوہات پر کی گئی۔
پیف کی جانب سے جاری فہرست میں خانیوال، بہاولنگر، رحیم یار خان، مظفرگڑھ، راجن پور، لودھراں اور ڈیرہ غازی خان کے پارٹنر اسکول شامل ہیں۔ مانیٹرنگ کے دوران بعض اسکولوں کی عمارتوں کی خستہ حالی اور دیگر مسائل کی نشاندہی کی گئی، جبکہ پارٹنر اسکولوں کے لیے مقررہ انفراسٹرکچر اور بنیادی سہولیات کی فراہمی لازمی قرار دی گئی ہے۔
پیف حکام کے مطابق مقررہ معیار پر پورا نہ اترنے والے پارٹنر اسکولوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ طلبہ کو محفوظ، بہتر اور معیاری تعلیمی ماحول کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اسکولوں کی مانیٹرنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب کے وزیر تعلیم "ماسٹر ” بن گئے ،پہلی کلاس کہاں لی اور بچوں کو کیا سبق پڑھایا ؟














