جہلم(پنجاب پوسٹ)صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے سرکاری اسکولوں میں براہِ راست کلاسز لینے کا باقاعدہ آغاز کردیا۔ انہوں نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول لدھڑ میں پہلی کلاس لی، جہاں طالبات کو تدریس کے ساتھ ساتھ اسکول کی تعلیمی سرگرمیوں اور بنیادی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔
رانا سکندر حیات نے میٹرک اور پانچویں جماعت کی طالبات کو لیکچر دیا اور انگریزی کا مضمون پڑھایا۔ تدریس کے بعد صوبائی وزیر نے طالبات سے امتحان بھی لیا اور ان کی تعلیمی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
یہ بھی پڑھیں:حافظ احمد جمال صدیقی، پبلک ریلیشنز آفیسر، فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی، لاہور
اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم نے اسکول میں تعلیمی و بنیادی سہولیات سے متعلق مسائل کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے اسکول میں 3 اضافی کلاس رومز اور ایک سٹیم لیب بنانے کی ہدایت کردی۔
طالبات کے لیے کھیلوں کی سہولیات بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات کا اعلان کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے والی بال، کرکٹ اور دیگر کھیلوں کی کٹس فراہم کرنے کا حکم دیا۔
طالبات کے مطالبے پر رانا سکندر حیات نے اسکول میں فوری طور پر واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کرنے کی بھی ہدایت کردی۔
یہ بھی پڑھیں:یو ای ٹی لاہور ، گرمیوں کی تعطیلات ختم ، تعلیمی سرگرمیاں بحال
صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ سرکاری اسکولوں میں تعلیمی معیار بہتر بنانا حکومت کی ترجیح ہے۔ طلبہ و طالبات کو معیاری تعلیم کے ساتھ بنیادی سہولیات اور ہم نصابی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔













