دیپالپور (پنجاب پوسٹ)پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنانے اور ملکی ترقی کی رفتار تیز کرنے کے لیے سیاسی استحکام کو بنیادی ضرورت قرار دیتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے سیاسی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک و قوم کے بہتر مستقبل اور معاشی ترقی کے لیے ایک پلیٹ فارم پر آنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشی استحکام کے لیے سیاسی ہم آہنگی اور استحکام انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔
دیپالپور بار کی جانب سے وکلا کے لیے نئے چیمبرز کی فراہمی کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان، صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال، سینئر قانون دانوں، اراکین صوبائی اسمبلی، سیاسی شخصیات، صحافیوں اور معزز شہریوں نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملک کو معاشی میدان میں مضبوط بنانے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے افواج پاکستان کی خدمات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح افواج پاکستان نے جنگ کے میدان میں ملک کا دفاع کیا اور دشمن کا مقابلہ کیا، اسی جذبے کے ساتھ معاشی میدان میں بھی پاکستان کو مضبوط بنانا ہوگا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے عوام کو ریلیف کی فراہمی اور مہنگائی کے اثرات کم کرنے کے لیے حکومتی اقدامات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عوام کو دیے جانے والے ریلیف سمیت دیگر اقدامات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر ملک محمد احمد خان نے دیپالپور بار کے وکلا کے لیے نئے چیمبرز بنانے کا اعلان کرتے ہوئے منصوبے کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ نئے چیمبرز کے اعلان پر وکلا برادری نے سپیکر پنجاب اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔ صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال نے بھی وکلا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔














