لاہور(پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ممنوعہ پولی تھین بیگز کے خلاف ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (EPA) پنجاب نے کارروائی تیز کردی۔ لاہور فیلڈ آفس کی ٹیم نے شیرا کوٹ، بند روڈ پر ممنوعہ پولی تھین بیگز بنانے والی فیکٹری کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے یونٹ سیل کردیا۔
کارروائی کے دوران چوہدری پلاسٹک فیکٹری سے 1040 کلوگرام ممنوعہ پولی تھین بیگز اور رولز ضبط کیے گئے۔ مختلف سائز کے ممنوعہ پولی تھین بیگز اور پولی تھین رولز ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر قبضے میں لیے گئے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کے مطابق ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت ممنوعہ پلاسٹک بنانے اور استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ ممنوعہ پولی تھین بیگز انسانی صحت اور ماحول دونوں کے لیے خطرناک ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے گرین پنجاب ویژن کے تحت ماحول دشمن پلاسٹک کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جا رہی ہے، جبکہ صاف ستھرے اور پلاسٹک فری پنجاب کے لیے EPA پنجاب کی فیلڈ کارروائیاں اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی صنعتوں کی نگرانی مزید مؤثر بنا دی گئی ہے۔











