لاہور(پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب میں اینٹوں کے بھٹوں کی ماحولیاتی نگرانی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مزید مؤثر بنا دی گئی۔ ای پی اے پنجاب اور پنجاب سیف سٹی اتھارٹی نے مشترکہ طور پر ڈرون سرویلنس کا آغاز کرتے ہوئے بھٹوں کی فضائی نگرانی کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔
لاہور کے جیابگا، کنگرا کریال اور ہلوکی کے علاقوں میں اینٹوں کے بھٹوں کی ڈرون کے ذریعے نگرانی کی گئی، جس کے دوران ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ ڈرونز کی مدد سے بھٹوں سے دھویں کے اخراج، آپریشنل سرگرمیوں اور ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق جدید ڈرون سرویلنس کے ذریعے خلاف ورزیوں کے شواہد بھی اکٹھے کیے جا رہے ہیں، جس سے قانون کے مطابق کارروائی کا عمل مزید تیز ہوگا۔ غیر معیاری ایندھن کے استعمال اور آلودہ دھویں کے اخراج پر بھی کڑی نظر رکھی جا رہی ہے، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں فوری ایکشن لیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ماحولیاتی قوانین پر سختی سے عملدرآمد اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کر رکھی ہے۔ پنجاب میں فضائی آلودگی کے خاتمے کے لیے زمینی کارروائی کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے فضائی نگرانی بھی جاری ہے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ہر قسم کے دھویں کی اطلاع 1373 پر دیں، عوام کی اطلاع پر ای پی اے فورس فوری کارروائی کرے گی۔










