پنجاب حکومت نے جرمانوں کی ہاتھ سے لکھی گئی تمام رسیدوں پر پابندی عائد کردی، جرمانے اب کیسے وصول کئے جائیں گے؟

لاہور(پنجاب پوسٹ) ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے پرائس کنٹرول کے تحت جرمانوں کی وصولی کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ پنجاب پرائس کنٹرول ایکٹ 2024 کے تحت لاہور میں جرمانوں کی وصولی کے لیے ڈیجیٹل میکانزم فعال کر دیا گیا ہے، جس کے بعد ہاتھ سے لکھی رسیدوں اور نقد جرمانوں کی وصولی پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور نے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ تمام جرمانے صرف آفیشل ڈیجیٹل سسٹم اور ای پے پنجاب کے ذریعے وصول کیے جائیں۔ جرمانوں کی ادائیگی اور وصولی کا مکمل ریکارڈ ڈیجیٹل سسٹم میں درج کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے ہدایت کی کہ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے جرمانوں کا مکمل ریکارڈ برقرار رکھنے کے ساتھ رقم کی سرکاری خزانے میں فوری منتقلی بھی یقینی بنائی جائے۔ تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو نقد جرمانہ وصول کرنے سے مکمل گریز کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے تمام مجسٹریٹس کو ہاتھ سے لکھی رسیدوں کی پرانی کتابیں فوری طور پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ کے پاس جمع کروانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نقد رقم کی وصولی یا غیر رپورٹ شدہ کلیکشن کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل نظام کے نفاذ سے قیمتوں کی نگرانی کے عمل میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ نقد جرمانوں کی وصولی پر پابندی سے مالی معاملات میں کرپشن کے امکانات کا خاتمہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے کام میں جوابدہی کا سخت نظام متعارف کرایا جا رہا ہے اور اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر فراہمی کے لیے انتظامی امور کو جدید بنانا ضروری ہے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا کہ لاہور میں قیمتوں کی نگرانی کا عمل اب مکمل طور پر ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ شہریوں کو اشیائے ضروریہ مقررہ قیمتوں پر فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ ہر سطح پر میرٹ اور شفافیت کے کلچر کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے