لاہور (پنجاب پوسٹ) ٹریفک پولیس نے ای چالان سے بچنے کے لیے نمبر پلیٹس میں ردوبدل کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید سخت کر دیا۔ ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ تین ماہ کے دوران بوگس نمبر پلیٹس لگانے پر 113 موٹرسائیکلوں اور لگژری گاڑیوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق انفورسمنٹ مہم کے دوران بغیر نمبر پلیٹس اور اپلائیڈ فار 17 ہزار 749 وہیکلز کو چالان ٹکٹس جاری کیے گئے، جبکہ فینسی اور ایکسائز کے مقررہ نمونے کے مطابق نمبر پلیٹس نہ لگانے پر 12 ہزار 996 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔
نمبر پلیٹس کو ٹیڑھا میڑھا کرنے، توڑنے یا گاڑی کا ماڈل چھپانے پر بھی 11 ہزار 552 وہیکلز کو چالان ٹکٹس جاری کیے گئے۔ معمولی خلاف ورزیوں پر 84 ہزار سے زائد موٹرسائیکل و گاڑی مالکان کو ایجوکیٹ بھی کیا گیا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ڈیجیٹل وارڈن ون ایپ کے ذریعے شواہد کی بنیاد پر چالان جاری کیے جا رہے ہیں اور شہریوں کو تصویر بطور ثبوت بھی بھجوائی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تاریکی کا فائدہ اٹھا کر گاڑیاں چوری کرنے والا گینگ پنجاب پولیس کے ہاتھ کیسے آیا؟
سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ بوگس نمبر پلیٹس لگانے پر دھوکہ دہی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کروائے جا رہے ہیں۔ شہری گاڑی ٹرانسفر کروانے کی صورت میں پرانے نمبر کی بجائے اپنا نیا یونیورسل نمبر لگائیں۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق بعض شہری قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ای چالان سے بچنے کے لیے نمبر پلیٹس سے چھیڑ چھاڑ کرتے ہیں، جبکہ قانون شکن اور جرائم پیشہ افراد بھی شناخت چھپانے کے لیے جعلی نمبر پلیٹس استعمال کرتے ہیں۔
ٹریفک پولیس نے واضح کیا ہے کہ جن تمام گاڑیوں پر نمبر پلیٹس ایکسائز کے مقررہ نمونے کے مطابق لگی ہوئی ہیں، انہیں چالان نہیں کیا جا رہا۔










